لاہور،06 ستمبر (اے پی پی):ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ آصف اکبر میر نے کہا ہے کہ 6ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن، تابندا اور خوبصورت باب ہے جب پاکستانی افواج نے اپنے ملک کی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے جدوجہد کی اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جذبہ جہاد سے سرشار ہمارے وہ مجاہدین، پاک فوج اور پاکستانی عوام جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے سے اس مٹی کو خون کی سرخی سے رنگین کیا لیکن پاکستان کا جھنڈا بلند کیا اسے کسی سطح پر سرنگوں نہیں ہونے دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کر تے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آج پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے اور پاک فوج نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے قوم کو یہ پیغام دیا کہ ہم پاکستان کی حفاظت کے امین ہیں۔ پاکستانیوں نے ملک کے استحکام و سلامتی اور دفاع کے لئے ہمیشہ اپنی جان،مال کا نذرانہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم دفاع کے موقع پر پاکستان کا ہر فرد بوڑھا،جوان ، بچہ اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا تجدید عہد کر رہا ہے کہ وہ ہمارے ہیروز کہ جنہوں نے اپنی آزادی، بقا کے لیے قربانیاں دیں تھیں ہم ان کے نقش قدم پر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں ہونے دیں گے انشاء اللہ پاکستان کا ہر فرد اپنے ملک کا محافظ ہے اور اپنے ملک کی حفاظت کے لیے اسے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا پڑا تو دیں گے