۔2023 کے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے، جعلی ووٹ بنوانے والوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کا خوف ہے،مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی صحافیوں سے گفتگو

57

اسلام آباد۔1ستمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان  نے کہا ہے 2023کے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اپوزیشن نے گلگت بلتستان اور آزادکشمیرکے انتخابات  میں شکست پر دھاندلی کا واویلا کیا،اپوزیشن جماعتیں الیکشن لڑ کر نتائج قبول کرنا سیکھیں.انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کرائی گئی،2013کے انتخابات میں 92ہزار ووٹرز کے انگوٹھوں کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔ڈاکٹر بابراعوان نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات صاف، شفاف اور قانون کے مطابق ہونگے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کنٹونمنٹ بورڈز کو متنازعہ بنانے سےاجتناب کرے۔ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ 2023کے انتخابا ت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینز استعمال ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ چاہے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا پڑے ، انتخابی  اصلاحات پر قانون سازی کر کے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جعلی ووٹ بنوانے والوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کا خوف ہے۔ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سمیت انتخابی اصلاحات   کے حوالے سے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ 2023کے  صاف شفاف انتخابات کیلئے  الیکشن کمیشن آف پاکستان کیساتھ مکمل تعاون کرینگے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام وسائل بروئے کار لا کر صاف و شفاف انتخابات کرانا چاہتی ہے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتیں۔2021میں قانون سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا:مشیرپارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کوئی بھی انتخابی حلقہ خالی نہیں رکھا جاسکتا ملک کا لیگل سسٹم بہتر بنانے کیلئے اصلاحات   کی اشد ضرورت ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ 2023کے انتخابات صاف و شفاف ہونگے،پرانے طریقہ سے نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ مریم صفدر عدالتوں کا احترام کرنا سیکھیں۔مریم صفدر اور نواز شریف دونوں عدالت سے سزا یافتہ ہیں۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ن لیگ والے بتائیں کہ  پارٹی  کی قیادت شہبازشریف کررہے ہیں یا مریم صفدر؟۔