اسلام آباد،5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حسب معمول الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بحث ہوئی، کابینہ کو ڈاکٹر بابر اعوان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے بات کرنے کی کوشش کی گئی لیکن تاحال اپوزیشن کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم انتخابی اصلاحات کیلئے جوائنٹ سیشن کی طرف آگے بڑھیں گے، اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کا عمل بھی جاری رہے گا تاکہ وقت کا ضیاع نہ ہو اور ہم ایک موثر گفتگو کی جانب بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد انتخابات کو شفاف بنانا ہے۔ اپوزیشن اصلاحات کا شور بھی مچا رہی ہے اور اس جانب آگے بھی نہیں بڑھ رہی، اپوزیشن کا یہ رویہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ اگر انہیں ہماری اصلاحات پسند نہیں ہیں تو وہ اپنی اصلاحات دے دیں، وہ بھی نہیں دی جا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات میں تبدیلی کی ضرورت ہے، اپوزیشن جلسوں میں رونے دھونے کی بجائے اپنا سنجیدہ کردار ادا کرے، اپوزیشن کو سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی طرف بڑھنا چاہئے۔











