زیڑہ(اورکزئی)،01 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا قبائلی اضلاع میں سیاحت کے فروغ کیلئے سرگرم ہے، قبائلی ضلع اورکزئی میں آل پاکستان سائیکل ریس کاانعقاد کیا گیا، اورکزئی کےعلاقہ زیڑہ سے خواہ درہ تک کے مقام پر 17.5 کلومیٹر ٹریک پر 34 سائیکلسٹ نے شرکت کی۔
آل پاکستان سائیکل ریس میں سندھ، بلوچستان، پنجاب، آرڈینینس فیکٹری واہ کینٹ، اسلام آباداور خیبرپختونخوا کے چار ڈویژن سے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ریس میں پہلی پوزیشن پشاور کے یوسف نے تیس منٹ 52 سیکنڈ کیساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پشاور ہی کے صادق اللہ نے 31 منٹ 7 سیکنڈ کیساتھ دوسری اور خیبرپختونخوا کے عمران ایک سیکنڈ کے فرق کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بلوچستان کے محب اللہ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کمانڈنٹ کرنل رائے کاشف امین، پراجیکٹ ڈائریکٹر ضم اضلاع کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی اشتیاق خان، ونگ کمانڈر کرنل کامران، ڈپٹی کمشنر ضلع اورکزئی محمد خالد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پہلی بار ضلع اورکزئی میں سائیکل ریس کا انعقاد یہاں کے پرامن ہونے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ضم اضلاع میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرینگے جبکہ ساتھ ہی انفرسٹرکچر کی بہتری کیلئے سڑکوں کی تعمیر، کیمپنگ پاڈز کا قیام، سیاحوں کیلئے آرام گاہیں اور دیگر تعمیراتی کام کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ سائیکل ریس میں اگلی بار مقامی نوجوانوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔