بورےوالا،07اکتوبر(اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد یوسف چھینہ اور چیف آفیسر محمد اکرم واہلہ کی قیادت میں عملہ اینٹی انکروچمنٹ نے بھاری مشینری کی مدد سے لاہور روڈ فوارہ چوک سے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا۔ دوران آپریشن میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے سڑک کنارے قائم تمام تجاوزات،کھوکھے اور غیر قانونی بل بورڈز اکھاڑ دیئے اور سامان قبضہ میں لے لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف چھینہ کے مطابق اعلان کے باوجود جن لوگوں نے تجاوزات از خود نہیں ہٹائیں انکے خلاف اب آپریشن بلاتفریق شروع کردیا گیا ہے جو تجاوزات کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ اس کام میں میونسپل کارپوریشن کا ساتھ دیں تاکہ شہر کو خوبصورت بنایا جاسکے۔