بورے والا، 22 اکتوبر(اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر بورے والا یوسف چھینہ نے حکومت کی ہدایت پر اشیاء ضروریہ اور دودھ کی قیمتوں میں از خود بے پناہ اضافہ کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے گراں فروشوں کے خلاف اپنی کاروائیاں تیز کردی ہیں۔انہوں نے اس حوالہ سے وہاڑی بازار،آفاق خاں چوک،505 روڈ ،پی بلاک اور دیگر علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے گراں فروشی کرنے والے 8 دوکانداروں کو گرفتار کرکے انہیں پولیس کے حوالے کردیا اور انکی دوکانیں سیل کردیں اسی دوران وہاڑی بازار میں ایک غیر قانونی منی پیٹرول پمپ کے خلاف بھی کاروائی کرتے ہوئے اسے بھی سیل کردیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف چھینہ کے مطابق مقررہ نرخوں کے مطابق اشیاء ضروریہ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،گرفتار گراں فروشوں کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں جیل بھیجا جائے گا۔