بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود  حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے؛ وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی 

25

اسلام آباد،6اکتوبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےکرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر سردار اظہر طارق خان سے  بدھ کو وزارت خارجہ میں گفتگو کے دوران کیا۔سردار اظہر طارق نے گذشتہ دو سال کے دوران اٹھائے گئے سفارتی اقدامات، روابط کے فروغ کے لیے کی گئی کاوشوں اور سفارتخانے کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے مابین خوشگوار تعلقات ہیں جبکہ پاکستانی طلباء کی کثیر تعداد کرغزستان میں زیر تعلیم ہے۔انہوں نے اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے، پاکستان اور کرغزستان کے مابین تجارتی و اقتصادی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر سردار اظہر طارق خان نے خصوصی ہدایات پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور کرغزستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اپنی تمام کوششیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔