بیلجئم  اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے 10ویں ماہانہ آن لائن  کھلی کچہری کا انعقاد

23

برسلز،29اکتوبر  (اے پی پی):  پاکستان کے سفارتخانہ نے بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے 10 ویں کھلی کچہری کا انعقاد ورچوئل انداز میں کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صدر آزاد کشمیر، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سیکرٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی کے حالیہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ان ملاقاتوں سے تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اہم عالمی اور علاقائی مسائل بشمول جی ایس پی پلس اور افغانستان کی صورتحال پرہمارے نقطہ نظر سے آگاہ     کر نے کا مو قع فر ا ہم ہوا ۔ دوروں کے دوران  یورپی پارلیمنٹ کے بااثر ارکان کے ساتھ ساتھ بیلجیئم کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں تاکہ پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا جا سکے۔ ان دوروں کے دوران پاکستانی تارکین وطن اور میڈیا کے ارکان کے ساتھ بات چیت بھی ہوئی۔

 شرکاء کو یوم سیاہ کشمیرمنانے کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے سفارتخانے کی جانب سے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں بتایا جس میں اہم تھنک ٹینکس، بااثر رائے سازوں اور  میڈیا  کے ساتھ مصروفیات شامل ہیں تاکہ بھارتی قابض افواج کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا جا سکے۔

وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے یکم  نومبر  2021  ء  کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی طرف سے پاکستانی تارکین وطن کے لئے شکایات کے ازالے کے نظام  کے پورٹل کےافتتاح کے بارے میں تارکین وطن کو آگاہ کریں گے،وزیر خارجہ پورٹل کی افتتاحی تقریب کو پی ٹی وی اور سفارت خانے کے فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

تقریب کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے  وژن کے مطابق کیا گیا تھا تاکہ  بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات تک فعال انداز میں رسائی حاصل ہو۔آن لائن کھلی کچہری  میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد  نے شرکت کی۔   کمیونٹی  ممبران نے سفارت خانے  کی کوششوں کو سراہا۔