لاہور، 30 اکتوبر (اے پی پی): خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان میں خواتین کو لاحق ہونے والا چھاتی کا کینسر سب سے عام ہے جس کی بروقت تشخیص سے ان کا علاج ممکن ہے، جتنی جلد تشخیص ہو گی اتنی جلدی اس مرض پر قابو پانے میں مدد ملے گی ، تمام اراکین اسمبلی کو چاہیے کہ اپنے اپنے حلقوں میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی پھیلائیں۔
وہ ہفتہ کی شام گورنر ہائوس میں وفاقی وزارت قومی صحت،خدمات اور وقواعد و رابطہ کاری، عالمی ادارہ صحت اور حکومت پنجاب کے زیراہتمام چھاتی کے کینسر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ پاکستان میں خواتین کو ہونے والے کینسر میں چھاتی کا کینسر سب سے عام ہے جس کی بروقت تشخیص وقت کی اہم ضرورت ہے اور جتنی جلد تشخیص ہو گی اتنی جلدی اس مرض پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ ہماری خواتین اس کاز کے لئے پوری لگن سے شب و روز محنت کررہی ہیں جبکہ ایک صحت مند خاتون ہی ایک صحت مند معاشرے کو تشکیل دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر گزشتہ دو سالوں کاتجزیہ کیا جائے تو چھاتی کے کینسر کے حوالے سے آگاہی میں اضافہ ہواہے جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام اداروں کا تعاون حاصل رہاہے ۔