جدہ : ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سردار سکندر حیات خان اور عمر شریف کی یاد میں تعزیتی تقریب کا اہتمام

58

جدہ، 11 اکتوبر( اے پی پی):پاکستان  قونصلیٹ جدہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان،آزاد جموں و کشمیر کے سردار سکندر حیات خان، اور  معروف مزاحیہ فنکار  عمر شریف   کی یاد میں آج تعزیتی تقریب کا اہتمام ہوا ، جس  میں جدہ میں کمیونٹی فورمز کے  عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔  اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید نے  محسن پاکستان  ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے ملاقاتوں کا ذکر کیا ۔  انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر صاحب کے سامنے بہت روشن مستقبل تھا  وہ چاہتے تو اپنی اہلیہ کے ساتھ  یورپ میں قیام کرسکتے تھے جہاں وہ  بہترین زندگی گزاررہے تھے مگر انہوں نے پر تعیش زندگی کے مقابلے اپنے وطن کی خدمت میں پاکستان  آکر  اپنی ذمہ داری پوری کرکے پاکستان کو  ناقابل تسخیر ملک بننے کا موقع دیا ۔

 مقررین نے عظیم سائنس دان کو  خراج عقیدیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تا قیامت ان کا احسان مند رہیگا کہ انہوں نے پاکستان کو  دشمن کے سامنے پاکستان کی بہادر افواج کو  ایٹم بم دیکر ناقابل تسخیر بنایا۔

 تقریب سے  کمیونٹی فورم کے معروف پاکستانیوں، چوہدری خورشید متیال، ریاض بخاری،  سردار  اقبال، کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود احمد پوری، معروف شاعر  اطہر عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے ان نامور سپوتوں کو  خراج عقیدت پیش کیا۔