اسلام آباد،16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نےکہا ہے کہ جس ڈی-چوک میں صرف سیاست ہوتی تھی وہاں آ ج محفل سماع منعقد کر رہے ہیں،وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺمذہبی جوش و جذبےاور احترام کے ساتھ منائی جائے گی
ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کو عید میلادالنبی کے موقع پر تقریبات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،کنونشن سینٹر میں مرکزی تقریب سے وزیر اعظم خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،میلاد النبی ﷺکے جلوس اور ریلیوں کا اہتمام راولپنڈی اور اسلام آباد میں کیا جائے گا اس کے علاوہ اس دن کو منانے کے لیے دیگر تقریبات بھی ہوں گی۔