ملتان ،یکم اکتوبر(اے پی پی ):جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دفتری نظام کو پیپر لیس بنانے کے لئے پیش رفت جاری ہے اور سول سیکرٹریٹ کے تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس میں ای فائلنگ سسٹم رائج کرنے کے لئے پلان تیار کر لیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نےآئی ٹی سے متعلق آلات خریدنے کی ہدایت کر دی ہے۔یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں ای فائلنگ سسٹم کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس میں جاری کی گئی۔سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل، ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن رانارضوان قدیر، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس زاہد اکرام،ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ماہرین نے جلاس میں شرکت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ریٹائرڈ) ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا ڈیجیٹل دور میں داخل ہو چکی ہے،وقت کا تقاضا ہے کہ دفاتر میں الیکٹرانک فائلنگ سسٹم رائج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ای فائلنگ سسٹم سے مختلف ڈیپارٹمنٹس کے درمیان فاصلے سمٹ جائیں گے اور عوام کے مسائل کے حل میں برق رفتاری آئے گی۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ ای فائلنگ سسٹم کو سادہ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہیومن ریسورس کو تربیت دینے میں آسانی ہو۔اس کے علاوہ ای فائلنگ کے حوالے سے موبائل ایپ تیار کی جائے تاکہ آفیسر کے فیلڈ میں ہونے کی صورت میں بھی اسے آفس فائل بارے پتہ چل سکے گا۔ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ساوتھ پنجاب زاہد اکرام نے کہا کہ ڈیپاڑٹمنٹس کے لئے لیپ ٹاپ،پرنٹرز،ہیوی ڈیوٹی سکینرز اور دیگر آلات خریدنے کے لئے27 لاکھ50 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ پہلے مرحلے میں 12 لاکھ روپے جاری کردئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ای فائلنگ کے لئے خریدے گئے آلات کا ہر محکمہ میں مکمل ریکارڈ رکھاجائے گا۔آلات کی خریداری کے لئے بڈنگ ڈاکومنٹس کی تیاری کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ماہرین نے ای فائلنگ کی ڈرافٹنگ،نوٹنگ اور ٹریکنگ بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔