حکومت احساس سکالر شپ پروگرام کے تحت یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنیوالے تمام بے وسائل طلبا و طالبات کے تعلیمی اخراجات ادا کرے گی،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

15

فیصل آباد  ۔23اکتوبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں تعلیمی ترقی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور اس ضمن میں نہ صرف تمام وسائل اور ہر ممکن ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں ، یکساں نصاب و نظام تعلیم کا نفاذ ان کے ویژن کے مطابق حکومت کا شاندار اقدام ہے جس سے تمام طبقات کے بچوں کو یکساں تعلیم کے حصول کے مواقع میسر آئیں گے ، قبل ازیں ملک میں مختلف طبقات کیلئے مختلف نصاب تعلیم رائج تھے جس سے طبقاتی تقسیم بڑھتی جارہی تھی اور معاشرے میں مختلف کلاسز کو دوام مل رہا تھا لیکن اب یکساں نصاب و نظام تعلیم کے نفاذ سے یہ تقسیم ختم ہوگی جو انتہائی مثبت اقدام ہے۔ وہ ہفتہ کو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف سائنس سمن آباد فیصل آباد میں ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے ملٹی پرپز ہال کے سنگ بنیاد اور 82 طلبا میں 25 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رحمت اللعالمین سکالر شپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پروزیر مملکت اطلاعات کے بھائی نبیل ارشد، ادارہ کے پرنسپل شفقت علی شاہد، وائس پرنسپل اصغر علی گل، فیکلٹی ممبران، اساتذہ، انتظامی حکام اور طلبا بڑی تعداد میں موجود تھے۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ مذکورہ کالج میں کثیر المقاصد ہال کا سنگ بنیاد رکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی کیونکہ یہ ایک پرانی اور بہترین درسگاہ ہے جہاں طلبا کی تعداد بھی 5 ہزار سے زائد ہے اسلئے ان کی خواہش ہے کہ اس تاریخی کالج کو جلد یونیورسٹی کا درجہ دیدیا جائے جس کیلئے وہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بات کرکے منظوری حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس ادارہ میں تمام ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔فرخ حبیب نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمارے لئے انتہائی مقدس اور رحمتوں و برکتوں والا مہینہ ہے کیونکہ اس میں ہمارے نبی آخر الزماں  ؐ کی ولادت با سعادت ہوئی اسی لئے ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں عشرہ رحمت اللعالمین انتہائی عقیدت و احترام، مذہبی جوش و خروش اور شایان شان طریقے سے منایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسوۂ حسنہ ہی دنیا اور آخرت میں سرخرو ہونے کا واحد راستہ ہے اسلئے اسوۂ حسنہ اپنانے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مدینہ میں اسلام کی پہلی فلاحی ریاست قائم کی گئی جس کی بنیاد انسانیت کی مدد اور تمام لوگوں کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی پر تھی اسی لئے وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کے طرز حکومت کی بات کرتے ہیں تاکہ امیر اور غریب کیلئے ایک قانون اور ایک جیسا نظام ہوجبکہ یکساں نصاب تعلیم اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیرت کو نصاب کا حصہ بنایا تاکہ اپنی نسلوں کو سیرت مصطفی ؐ سے آگاہی فراہم کی جاسکے۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ریاست مدینہ کو اپنی زندگی کا نصب العین بنالیاہے اور وہ اس پر دن رات کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم سب مل کر پاکستان کی بہتری اور فلاح و خوشحالی کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبہ میں عوامی فلاح و بہبود کے بہت کام کررہے ہیں جبکہ پنجاب میں 21 نئی یونیورسٹیاں، 8 مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال بھی قائم کئے جارہے ہیں اسی طرح رواں سال دسمبر 2021 کے آخر تک پنجاب کے ہر گھرانے اور تمام آبادی کے پاس صحت انصاف ہیلتھ کارڈ ہوگا جس سے گھرانے کا سربراہ ایک سال میں 10 لاکھ روپے تک اپنا اور اپنے اہل خانہ کا اپنی پسند کے ڈاکٹر اور اپنی پسند کے ہسپتال سے علاج کرواسکے گا۔فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت صحت کا ایک نیا نظام لارہی ہے جس میں ہر شخص کو گھر کی دہلیز پر تمام ممکن علاج معالجہ کی مفت سہولیات دستیاب ہوسکیں گی اور اس کا تمام خرچ حکومت برداشت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کیلئے 100 ارب روپے کا فنڈ قائم کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جائیں اور وہ اپنا کاروبار شروع کرکے ملازمتوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے دوسروں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے قابل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ اور آئیڈیاز کی کمی نہیں لیکن ان کے پاس رقم نہیں تھی مگر اب حکومت ان کو ان کے قدموں پر کھڑا کرنے کیلئے رقم فراہم کررہی ہے لہٰذا نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں اسی طرح حکومت نے 10 ارب روپے سے ہائی سکلڈ پروگرام شروع کیا ہے جس سے طلبا و طالبات کو ای کامرس، موبائل ایپ، ویب ڈیزائننگ، ویب گرافک، کمپیوٹر پروگرامنگ سمیت دیگر اقسام کے کورسز کے ذریعے تربیتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے قدموں پر کھڑے ہوسکیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ اب تک اس سلسلہ میں 2500 سکلڈ و سرٹیفائیڈ طلبا تیار بھی کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں 5 ارب روپے کے ایک لاکھ سکالر شپ بھی جاری کرنے کا پروگرام مرتب کررہی ہے۔انہوں نے طلبا کو ہدایت کی کہ وہ اس پروگرام سے استفادہ کریں کیونکہ وہ ہنر حاصل کرکے مختلف اقسام کی تربیت سے لاکھوں روپے کماسکتے ہیں۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ طلبا کو چاہیے کہ وہ کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ پر جاکر خود کو رجسٹرڈ کروائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اسلئے ہم سب نے مل کر اس کی بہتری کیلئے کام اور یہاں عدل و انصاف والا معاشرہ قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہماری امید اور پاکستان کا مستقبل ہیں اسلئے انہیں چاہیے کہ قومی تعمیر و ترقی اور عوامی و سماجی فلاح و بہبود میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بن کر ابھرے گااور ہم اپنے وطن کو ترقی میں بہت آگے لیکر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر انسان میں جذبہ اور نیت نیک و حوصلے بلند ہوں تو دنیا کی کوئی بھی چیز ناممکن نہیں رہتی۔فرخ حبیب نے کہا وزیراعظم ملک و قوم کی بہتری کیلئے دن رات کام کررہے ہیں جس کے نتائج جلد سامنے آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ربیع الاول کی مناسبت سے میرٹ پر رحمت اللعالمین سکالرشپس تقسیم کررہی ہے اسی طرح وفاقی حکومت کے احساس پروگرام کے تحت 50 ہزارسکالر شپ تقسیم کئے جارہے ہیں تاکہ 45 ہزار روپے یا اس سے کم آمدنی والے جو افراد اپنے بچوں کو یونیورسٹیز میں تعلیم دلوانا چاہتے ہیں ان کا تعلیم کا تمام خرچ حکومت اٹھاسکے یہی نہیں بلکہ ان کی تمام فیسیں اور تعلیمی اخراجات بھی حکومت ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تعلیم کے متعلق انتہائی حساس ہیں اور ان کی دن رات کوشش ہے کہ ہماری قوم ایک پڑھی لکھی قوم بن جائے کیونکہ ملکی تعمیر و ترقی اور عالم اقوام کا مقابلہ کرنے کیلئے تعلیم یافتہ قوم ناگزیر ہے۔قبل ازیں کالج کے پرنسپل نے شرکائے مجلس کو کالج کی کارکردگی بارے آگاہ اور عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا شکریہ ادا کیا۔