خیرپور،21اکتوبر(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم خیرپور کے تعاون سے گورنمنٹ ناز پائلٹ ہائی سکول کے فیض مصطفیٰ ہال میں جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر راجہ طارق چانڈیو نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری فیض علی جسکانی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری اصغر بوزدار اسکول کے ہیڈ ماسٹر عبداللہ جعفری، اے ڈی سی ٹو اقبال جندران اسسٹنٹ کمشنر خیرپور صفدر علی میرانی امان اللہ منگی سمیت مختلف اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر طلبہ و طالبات میں تقریری، نعتیہ اور کوئیز مقابلے کرائے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری فیض علی جسکانی نے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دنیا میں آمد اور ان کی تعلیمات سے دنیا سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوگئے ہیں، تعلیمی اداروں میں ان کی تعلیمات اور پیغام کو عام کرنا سعادت و باعث برکت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجہ طارق چانڈیو نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی، کردار ،اخلاق اور حیات طیبہ ہمارے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے وہ اپنی زندگی میں اپنی سیرت اور کردار سے دنیا میں تبدیلی کا حقیقی انقلاب لائے اور رنگ و نسل، ذات پات، اونچ نیچ اور قبائلی جھگڑوں کا خاتمہ کیا اور عورتوں یتیموں کو ان کا حق دلوایا وہ اصل میں انسانی حقوق کے عظیم رہنما تھے ۔