کراچی۔2اکتوبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو کسی قیمت پر واپس نہیں آنے دیں گے ، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے ، ہرمسلک کا احترام کرنا ہے ، اپنے عقیدے کو چھوڑنا نہیں ہے اور کسی کے عقیدے کو چھیڑنا نہیں ہے ، پاکستان میں مذہبی اور عقیدوں کی آزادی ہے بشرطیکہ کسی کے عقیدے پر حملہ نہ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے یہاں ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کرنے آئے تھے اور ان کو روالپنڈی آنے کی بھی دعوت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سید نا مفضل سیف الدین کے راولپنڈی میں بھی بڑی تعداد میں پیرو کار موجود ہیں ۔ ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے مذاکرات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ ان سے بات چیت کامیاب ہو گی کہ نہیں ہوگی ، پاکستان دہشت گردی کاہر قیمت پر قلع قمع کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث لوگوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پاس عظیم فوج اور عظیم ادارے موجودہیں ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ افغانستان میں جو کچھ ہوا اس حوالے سے معاہدے پر امریکہ نے دستخط کئے ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں کوئی انسانی بحران نہ پیدا ہو اور دنیا کو بھی چاہئے کہ وہ افغانستان کے لئے سہولت اور گنجائش پیدا کرے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آٹا، دال اور چینی کی قیمتوں سے آگاہ ہیں اور وزیر خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ ان کی قیمتیں کم کی جائیں ۔مسلم لیگ( ن ) سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنے کرپشن کسیز میں عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں اور پیشیوں پر میڈیا ان کو براہ راست کوریج دے ہا ہے اور یہ لوگ وکٹری کے نشان بناتے ہیں، کرپشن اور لوٹ مار کے مقدمات میں عدالتوں میں جارہے ہوں توکس بات پر وکٹری کے نشان بنارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے اور انشاء اللہ اگلے وزیرعظم بھی عمران خان ہوں گے ۔