رحیم یارخان؛ ڈی سی خرم شہزاد کا سبزی وفروٹ منڈی کا دورہ ، نیلامی اور سبزی وفروٹ کے معیار ، قیمتوں کا جائزہ لیا

52

رحیم یار خان، یکم اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے سبزی وفروٹ منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیلامی کے عمل کا مشاہدہ کیا اور سبزی وفروٹ کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور مارکیٹ کمیٹی افسران سبزی و فروٹ کی نیلامی کے عمل میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، نیلامی کے عمل میں شفافیت سے کسانوں کو محنت کا صلہ جبکہ شہریوں کومناسب قیمت پر سبزی و پھل حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار براہ راست اشیاء روز مرہ کی قیمتوں کو مانیٹر کر رہے ہیں، جس کا مقصدگرانفروشی روکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں پرچون فروخت کرنے والے پتھارے داروں کی چیکنگ سخت کی جائے، پتھارے دار روزانہ کی بنیاد پر طے ہونے والے نرخوں کی سرکاری لسٹ کے ہمراہ کاروبار کا آغاز کریں۔