ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائیگا؛ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

15

اسلام آباد،27اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو طاقت کے زور پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ٹی ایل پی مذہبی جماعت نہیں ایک عسکریت پسند گروہ ہے، اسے دہشت گرد تنظیم کے طور پر ڈیل کیا جائے گا، کوئی ریاست پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرے، ہم نے القاعدہ جیسی بڑی بڑی دہشت گرد تنظیموں کو شکست دی ہے، انہیں دھول چٹائی ہے، کسی مائی کے لعل میں جرات نہیں کہ وہ ریاست کو چیلنج کرے، کالعدم جماعت چھ مرتبہ تماشہ لگا چکی ہے، حکومت پاکستان نے صبر کا مظاہرہ کیا، کالعدم جماعت کی لیڈر شپ چاہتی ہے کہ سڑکوں پر خون بہے، پچھلی مرتبہ چھ پولیس اہلکار شہید اور 700 سے زائد زخمی ہوئے، اب تین شہادتیں ہو چکی ہیں اور 49 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے، کالعدم جماعت کے حوالے سے یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والے اپنے رویوں پر نظرثانی کریں، فیک نیوز کو قطعاً برداشت نہیں کریں گے۔