سندھ حکومت نے اب تک گندم ریلیز نہیں کی جس کی وجہ سے سندھ میں آٹے کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے؛ معاون خصوصی محمود مولوی

16

اسلا م آباد، 07 اکتوبر(اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میری ٹائم افیئرز محمود مولوی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے اب تک گندم ریلیز نہیں کی جس کی وجہ سے سندھ میں آٹے کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ سندھ حکومت عوام، بالخصوص کراچی کے عوام کے ساتھ زیادتی نہ کرے۔

جمعرات کو اپنے  ویڈیو پیغام  میں  وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میری ٹائم افیئرز محمود مولوی  نے کہا کہ  آج کراچی کے بازاروں میں آٹا 70 سے 75 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ پنجاب میں آٹے کی قیمت 57 روپے سے 58 روپے فی کلو ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس 12 لاکھ ٹن گندم ہے، سندھ حکومت گندم ریلیز کرے گی تو قیمتیں کم ہونا شروع ہو جائیں گی،

 معاون خصوصی محمود مولوی نے کہا کہ  گندم کی کمی نہیں ہے، مارچ تک نئی فصل بھی آ جائے گی، وفاقی حکومت بھی گندم درآمد کر رہی ہے، آج آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ سندھ حکومت کی جانب سے گندم ریلیز نہ کرنا ہے۔