سکھر،11اکتوبر(اے پی پی): ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں ماہ ربیع الاول جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم شایانِ شان طریقے سے منانے کا سلسلہ جاری ہے، جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام شیخ شہین روڈ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کے مہمان خاص جانشین مفتی اعظم حضرت علامہ مولانا مفتی محمد ابراہیم القادری مدظلہ تھے جبکہ دیگر مہمان گرامی میں مشرف محمود قادری،صاحبزادہ حا مد محمود شاہ فیضی سمیت اہل علاقہ اور عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم شریک تھے ۔
تقریب میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے پرچم کشائی کی گئی پرچم کشائی کے موقع پر فضاءیارسول اللہ کے نعروں سے گونج اٹھی اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد ابراہیم قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر مملکت پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ،حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی محبت نجات کا ذریعہ ہے،مذکورہ علماءکرام کا مزید کہنا تھا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سارے جہاں کے لئے باعث رحمت و برکت ہے آپ کی سنتؐ پر عمل کرکے زندگی بسر کرنے میں ہی ہماری کامیابی ہے