اسلام آباد،5اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم سے کمانڈنٹ نیول وار کالج، کموڈور سید وجیہہ الحسن نے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے، قائد ایوان نے کموڈور سید وجیہہ الحسن کو پارلیمینٹ ہائوس آمد پر خوش آمدید کہا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملکی مجموعی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، قائد ایوان نے پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
کموڈور سید وجیہہ الحسن نے کہا کہ لوگوں کو میری ٹائم افئیرز اور سمندر کے متعلق آگاہی دینے کی ضرورت ہے اور بلیو اکانومی کے تصّور کو لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔
قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے 51st پاک نیوی سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بحریہ پر فخر ہے، پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاعی مہارت نے پاکستان کی آبی سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنایا ہے اور پاکستان بحریہ نے علاقائی اور عالمی سطح پر اپنا لوہا منوایا ہے۔
اس موقع پر شرکا کو سینیٹ کے پارلیمانی کردار اور قواعد وضوابط پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بعد ازاں قائد ایوان نے کورس کے شرکا کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔
ملاقات کے آخر میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور کموڈور سید وجیہہ الحسن نے ایک دوسرے کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔