اسلام آباد ، 07 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں ای سپورٹس کلچر کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، فری فائر پاکستان لیگ ٹورنامنٹ سے ای سپورٹس کو فروغ ملے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فری فائر پاکستان لیگ کے فائنل مقابلوں میں حصہ لینے والی 12 ٹمیوں کے لیڈرز سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر سے ملاقات کی ۔
وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ قومی سطح پر ای سپورٹس کا انعقاد خوش آئند ہے،نوجوان ای سپورٹس میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فری فائر پاکستان میں ہونے والا پہلا ای سپورٹس ٹورنامنٹ ہے، جیسے جیسے ہم آگے بڑھیں گے اس کے ثمرات نظر آنا شروع ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا وباءکے دوران پاکستانی نوجوانوں کو ای سپورٹس کی صورت میں ایک بڑا موقع میسر آیا ہے، پاکستانی بچے بھی اب ای سپورٹس میں حصہ لے کر بڑے انعامات جیت سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیرینا دنیا کی مشہور کمپنی ہے جو بیگو کے تعاون سے پاکستان میں فری فائر قومی ٹورنامنٹ کا انعقاد کر رہی ہے، فری فائر گیم میں ایک کروڑ روپے تک کے انعامات ہیں، قومی سطح کے مقابلوں میں جیتنے والی ٹیم عالمی سطح پر ہونے والے مقابلے میں حصہ لے سکے گی، کھیلوں میں زیادہ دلچسپی رکھنے والے بچوں کے پاس موقع ہے کہ وہ کم عمری میں بڑی رقم جیت سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے فری فائر گرینڈ فائنل ایونٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کی جرسیوں پر دستخط کئے اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں قومی سطح کے فائنل مقابلوں میں شرکت کرنے والی 12 ٹیموں کے ٹیم لیڈرز سمیت بیگو کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ہیڈ جان ژانگ اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ فری فائر پاکستان لیگ کا گرینڈ فائنل 10 اکتوبر کو پی سی ہوٹل کراچی میں ہوگا۔ گرینڈ فائنل ایونٹ فری فائر ای سپورٹس پاکستان کے یو ٹیوب چینل اور فین پیج سمیت پی ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔