قومی اسمبلی میں مجموعی طور پر 8 قائمہ کمیٹیوں کی مختلف بلوں کے حوالے سے رپورٹس ایوان میں پیش کردی گئیں

17

اسلام آباد۔21اکتوبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی میں مجموعی طور پر 8 قائمہ کمیٹیوں کی مختلف بلوں کے حوالے سے رپورٹس ایوان میں پیش کردی گئیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں تاخیر پر صرف نظر کی تحاریک کی منظوری کے بعد یکے بعد دیگرے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز سید فیاض الدین نے فوائد پیرانہ سالی (ترمیمی) بل 2021ء ، قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی رکن شازیہ مری نے صحافیوں اور میڈیا پیشہ وروں کا تحفظ بل 2021ء ، نظام انصاف برائے کمسن (ترمیمی) بل 2021 ، مقام کار پر خواتین کو ہراساں کرنے سے تحفظ فراہم کرنے کا بل 2021ء ، قومی کمیشن برائے حقوق طفل (ترمیمی) بل 2021ء ، علاقہ دارالحکومت اسلام آباد تحفظ طفل (ترمیمی) بل 2021ء ، قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین ریاض فتیانہ نے قومی احتساب (ترمیمی) دوئم بل 2021ء ، قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین امجد علی خان نے پاکستان میری ٹائم زونل بل 2021ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں معمول کی کارروائی نمٹائی گئی اور قانون سازی کا عمل جاری تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے رائو اجمل خان نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی۔ ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے کی وجہ سے  قومی اسمبلی کا اجلاس  جمعہ 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔