مخیر حضرات، ملکی و بین الاقوامی ڈونرز زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں؛ صوبائی وزیر حاجی نور محمد دومڑ

13

 

کوئٹہ،08 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ/ واسا حاجی نور محمد دومڑ نے ہرنائی کے زلزلے میں پاک فوج، فرنٹیئر کور اور پی ڈی ایم اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مخیر حضرات، ملکی و بین الاقوامی ڈونرز سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلہ متاثرین کی دوبارہ بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں، ہرنائی کوئٹہ شاہراہِ کی تعمیر کے لیے وفاقی حکومت نے ساڑھے 8ارب روپے کی منظوری دی ہے اور نیشنل ہائی اتھارٹی نے روڈ کا ٹینڈر کر دیا ہے۔

 یہ بات انھوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ/ واسا حاجی نور محمد دومڑ نے کہا کہ بہت سارے لوگوں نے انتظامیہ کو اطلاع دیئے بغیر زلزلے میں جان بحق ہونے والے اپنے پیاروں کی تدفین کر دی ہے اس لیے شہداءکی تعداد 40سے 50 اور زخمیوں کی تعداد سینکڑوں میں  ہے ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ انسانی جانوں کے ضیاع کا کوئی نعم البدل نہیں ہےاس لیے صوبائی حکومت قدرتی آفت میں شہید ہونے والے افراد کے لیے 30لاکھ فی کس معاوضے کا اعلان کریں۔

صوبائی وزیر نےکہا کہ ہرنائی کے زلزلے کی اطلاع ملتے ہی سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر اور پی ڈی ایم اے کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں  نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے حلقہ انتخاب کے دکھی افراد کو تنہا نہیں چھوڑینگے۔

صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ/ واسا حاجی نور محمد دومڑ نے کہا کہ مجھے بلوچستان عوامی پارٹی عزیز ہے، اس لیے پارٹی اختلافات کے خاتمے کے لیے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے تاکہ تمام دوستوں کی مشاورت سے کوئی قابل قبول حل نکالا جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ناراضگیاں ہوتی رہتی ہے، وزیراعلیٰ کے دورہ ہرنائی کی بروقت اطلاع نہ دینے اور شاہرگ میں زلزلے سے شہید ہونے والوں کی تدفین میں شرکت کی وجہ سے استقبال نہیں کرسکا۔