کوئٹہ، 09 اکتوبر( اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر نے زلزلہ سے متاثرہ بلوچستان کے شہر ہرنائی کا دورہ کیا۔ دورے میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، بیت المال پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹرملک ظہیر کھوکھر اور چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا بھی ہمراہ تھے۔
احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر یہاں کے دورے پرآئی ہے اور ہرنائی کا دورہ کیا ہے تاکہ صوبائی حکومت سے مل کر زلزلے سے متاثرہ شہر ہرنائی کی عوام کو فوری طور پر ریلیف دی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انہوں نے اعلیٰ سطح پر صوبائی حکومت سے مشاورت کی ہے اور دورے بھی کیے۔
ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کی ایمرجنسی بنیادوں پر مدد کرے، وفاق جلد تعاون کا اعلان کریگی اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو جو مدد درکار ہوگی، وفاق اس میں انکی مدد کر یگی۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے ہرنائی دورے کے موقع پر کہا کہ انہوں نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا ہے اور اس سلسلے میں وفاق اور صوبائی حکومت ہرنائی کے عوام یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مسائل کی حل کیلیے ہمہ وقت تیار ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کو اکیلے نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی نمائندوں اور احساس پروگرام کی چیئر پرسن ثانہ نشتر کے دورے کا مقصد زلزلہ ذدگان کی مدد کرنے کیلیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر انکو ریلیف دینا ہے۔