معدنیات کا شعبہ مجموعی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے ، وزیراعظم عمران خان

25

اسلام آباد۔11اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معدنیات کا شعبہ مجموعی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے ، معدنیات کے شعبہ کی ترقی کے لئے لیگل فریم ورک کی تیاری کے لئے اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معدنیات کے شعبہ کی ترقی کے حوالے سے فریم ورک کی تیاری کے لئے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معدنیات کا شعبہ بھرپور صلاحیتوں کا حامل ہے اورشعبہ میں سرمایہ کاری پر پرکشش منافع کمایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ معدنیات کا شعبہ ملک کی مجموعی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاق اور صوبوں کے مابین معدنیات کے شعبہ کی ترقی کے حوالے سے اقدامات کو مربوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطوں کو موثر بنانے کے لئے جلد از جلد فوکل پرسن تعینات کیا جائے  تاکہ معدنیات کے شعبہ کی ترقی کے فریم ورک پر عمل درآمد کی موثر نگرانی کی جاسکے ۔ وزیراعظم نے  کہا کہ معدنیات کی ترقی کے حوالے سے اہل اور تربیت یافتہ انسانی وسائل سے استفادہ اور انسانی وسائل کی استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کیا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معدنیات کے شعبہ کی ترقی کے فریم ورک کے اہداف اور مقاصد کا تعین کر کے ان کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے ۔ قبل ازیں سیکرٹری پٹرولیم نے اجلاس کو معدنیات کی ترقی کے حوالے سے تزویراتی منصوبہ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی ) میں شعبہ کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن تزویراتی منصوبہ پر موثر عمل درآمد کیذریعے آئندہ 15سال کے دوران جی ڈی پی میں معدنیات کے شعبہ کا حصہ 10فیصد تک بڑھایا جائے گا ۔ منصوبہ میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے  اقدامات کو مربوط بنانے ، تکنیکی سہولیات کی فراہمی ، ڈیٹا بیس کی ترقی ، مالیاتی فوائد ،انسانی وسائل کی تربیت اور قانونی عوامل پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ منصوبہ میں کم مدتی ، وسط مدتی  اور طویل المدتی اہداف مقرر کئے گئے ہیں ۔ اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت ترین ، محمد حماد اظہر ، اسد عمر ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل ، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔