ملتان؛ عشرہ شان رحمتہ العالمینﷺ ، محکمہ تعلقات عامہ میں پروقار سیرتِ النبی کانفرنس کا انعقاد

52

ملتان، 16 اکتوبر (اے پی پی): عشرہ شان رحمتہ العالمینﷺ  کے سلسلے میں محکمہ تعلقات عامہ میں  پروقار سیرتِ النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔پرنور محفل میں رات گئے تک شرکاء درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے رہے۔پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے خصوصی شرکت کی اور ڈائریکٹر تعلقات عامہ سجاد جہانیہ نے استقبالیہ پیش کیا۔

 پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ اپنی زندگیوں کو سدھارنے کیلئے سیرت نبی کریم ﷺ پر عمل پیرا ہونے کی سخت ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ  حضور ﷺ کے مبارک تذکرے سے بڑی کوئی سعادت نہیں،

سرور کونین ﷺ کی ذات اقدس اور سیرت طیبہ کو عام کیا جائے۔

 کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا آپ ﷺ کی حیات مبارکہ ہر انسان کےلئے رحمت کا باعث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر پوری دنیائے انسانیت کے لئے بھیجا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا رسولِ کائنات ﷺ کو  رب کریم نے نسلِ انسانی کے لیے نمونہ کاملہ اور اسوہ حسنہ بنایا ۔انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت ﷺکے معمولات زندگی ہی قیامت تک کے لیے شعار ومعیار ہیں ۔

کانفرنس میں پروفیسر علی اصغر کے سیرت النبی ﷺ پر بیان نے شرکاء کے دل گرمادیئے۔

سیرت کانفرنس میں افسران اطلاعات اور سینئر صحافیوں نے بھی شرکت کی۔