ملتان،08 اکتوبر(اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122)ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر ریسکیو1122نے 8اکتوبر 2005میں زلزلے میں زخمی اورہلاک ہونے والے لوگوں کی یاد میں آج کا دن اس عزم سے منایا کہ سانحات سے نبرد آزما ہونے کے لیے قبل از وقت تیاری ضروری ہے۔اس موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء نے زلزلے میں وفات پانے والے لوگوں کے لیے دعا کی اور پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا جن کو اس قدرتی آفت میں جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ڈاکٹرکلیم اللہ نے قدرتی آفات سے بچاؤ کے آگاہی کے قومی دن کے موقع پر آگاہی ریلی کی قیادت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ایمرجنسی کی صورت میں بلا امتیاز رنگ و نسل 24گھنٹے ریسکیو سروس دستیاب ہے، مگر محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے عوام الناس میں آگاہی اور حادثات سے روک تھام کے لیے کام کرنا ضروری ہے۔اس لیے ضروری ہے کہ اب ایسا نظام وضع کیا جائے کہ بہتر تیاری اور منصوبہ بندی سے آنے والے حادثات سے نمٹا جا سکے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سانحات سے بچاؤ اورکسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کی تربیت ریسکیو1122کے کمیونٹی سیفٹی ونگ سے مفت حاصل کریں اور محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔