ملتان، 11 اکتوبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر ربیع الاول کے جلوسوں اور محافل کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔علماء کرام ، مذہبی جماعتوں اور جلوس منتظمین قیام امن کیلئے پرعزم ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں اور سی پی او منیر مسعود مارتھ کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہا ربیع الاول کے جلوس روٹس اور محافل کیلئے مثالی اقدامات کئے ہیں ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس قیام امن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
عامر کریم خاں نے کہا شان رحمتہ اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم تقریبات بھرپور مذہبی جذبے سے منائی جارہی ہیں ، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت ہمیں برداشت اور امن کا درس دیتی ہے۔
سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ محافل میلاد اور جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے موثر پلان تشکیل دیا ہے ، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام قیام امن کیلئے انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے اوقات کار اور روٹس کو سختی سے مانیٹر کرینگے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزماں قیصرانی، علماء کرام اور جلوس منتظمین نے شرکت کی۔