میونسپل کمیٹی نوشہرہ ورکاں میں عشرہ شان رحمتﷺ کے سلسلہ میں تقریبات کا سلسلہ جاری

13

نوشہرہ ورکاں،14 اکتوبر(اے پی پی):پنجاب گورنمنٹ کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی نوشہرہ ورکاں میں عشرہ شان رحمتﷺ کے سلسلہ میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں عمران صفدر ورائچ کی صدارت  میں جاری تقریبات کی نگرانی  چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اکرام اللہ سندھو کر رہے ہیں اور  انتظامی امور انسپکٹر میونسپل کمیٹی میاں رضوان کے ذمہ ہیں۔

 آج بروز جمعرات کی  تقریب میں سیرت النبی ﷺکے عنوان پر دارالعلوم فاروقیہ کے صدر مدرس اور جامعہ مسجد صدیقیہ کے خطیب حضرت مولانا طارق عزیز باجوہ کا خصوصی خطاب،قرآن وحدیث کی روشنی میں تھا۔تلاوت قرآن مجید قاری عصمت اللہ اور نعت رسولؐ مظہر اقبال ساجد  نے پیش کی۔تقریب میں   سی او تحصیل کونسل جہانگیر بٹ  میونسپل کمیٹی کے ملازمین اور شہر کی مقتدر شخصیات نے شرکت کی۔

ربیع الاول کے سلسلہ میں پنجاب بھر کی طرح نوشہرہ ورکاں میونسپل  ہال میں عشرہ شان رحمت اللعالمینﷺ  کے عنوان پر دس روز  کے لیے تقریبات جاری ہیں اور پوزیشن ہولڈرز قراء اور نعت خوانوں کو ٹرافیاں اور  انعامات بھی دیے جاتے ہیں۔