ملتان،10اکتوبر(اے پی پی): ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل(ایڈمن)پنجاب ملتان اظہر سلیم کملانہ نے لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ میں سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین سے متعلق ضلع خانیوال کے کیسز میں اپنی انتھک محنت و کاوش سے عدالت عالیہ سے حکومت کے حق میں فیصلہ لیتے ہوئے اراضی واگزار کرا لی۔
اس موقع پراظہر سلیم کملانہ نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ میں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال اور اپنی قانونی ٹیم(لاء افسران)کی معاونت سے اپنا مشن مکمل کیاہے جس پر رب بزرگ و برتر کا شکر بجا لاتا ہوں کہ جس نےمجھے میرے قائدین کی طرف سے سونپے گئے ٹاسک کی بجا آوری میں ہمت و استقلال عنایت کیا جس پر کامیابی حاصل ہوئی۔ اس پر انہوں نے ڈپٹی کمشنرخانیوال کی بروقت معاونت اور کوششوں کوبھی سراہا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ ضلع خانیوال سے متعلق اراضی کیس 95 مربع پر مشتمل تھا جس کی قیمت تقریباًساڈھے 4 ارب سرکاری ریٹ کے مطابق بنتی ہے جوکہ سال 1960 میں 5 روپے فی ایکڑ الاٹ ہوئی جو بعد از تکمیل معاہدہ متعلقہ مجاز اتھارٹی نے کینسل کر دی۔ اس ضمن میں متاثرہ افراد نے ہائی کورٹ ملتان بنچ میں رٹ پٹیشن دائر کرکے حکم امتناعی لے لیا جو سال 2000 سے چلا آ رہا تھا باوجود حکم عدالت عظمٰی سال 2019(سپریم کورٹ آف پاکستان )21 سال سے اس سرکاری اراضی پر ناجائز قابض چلے آ رہے تھے۔ جونہی ڈپٹی کمشنر خانیوال نے یہ میرے علم میں دیا میں نے کسیز کو عدالت عالیہ میں برائے سماعت لگوا کر حکومت پنجاب کی قانونی نمائندگی کرتے ہوئے نا صرف حکم امتناعی ختم کرایا بلکہ کیس کا حکومت کے حق میں فیصلہ کراتے ہوئے قبضہ بھی چھڑوایا جو کہ ضلع خانیوال کی انتظامیہ نے فیصلہ لینے کے فوراً بعد 24 گھنٹوں میں قبضہ واگزار کرالیاہے۔ میرے علم کے مطابق اب ضلع خانیوال میں کوئی ایسی اراضی نہیں ہے جس پر کوئی ناجائز قابض ہو جو ہماری محنت و فتح کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اظہر سلیم کملانہ کا کہنا تھا کہ اس بارے میں نے جو چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب سکریٹریٹ ملتان میں ایک اعلی سطحی میٹنگ منعقد کی تھی جس میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی تھی جس میں متعدد انتظامی و عدالتی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس پر 120 دن کا زیر التواء کیسز کا پلان مرتب ہوا یہ اس کی ایک کڑی ہے جس کا محاصل ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل(ایڈمن) پنجاب ملتان کا مزید کہنا تھا کہ میں امید کرتا ہوں باقی جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی اعلی سطح انتظامیہ/حکومتی محکمہ جات ایڈووکیٹ جنرل سیکریٹریٹ ملتان بنچ سے بلاتعطل و بروقت باہمی رابطہ رکھ کر کسی بھی قسم کی قانون معاونت و مشاورت حاصل کرکے حکومت پنجاب کے حق میں متذکرہ بالاجیسے اقدامات بروئے کارلائیں گے۔