نارووال،09 اکتوبر ( اے پی پی): محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی کے حوالے سے ریلی کاانعقاد کیا گیا ،ریلی فیملی ہیلتھ کلینک برائے بہبود آبادی ڈی ایچ کیو ہسپتال سے شروع ہوئی اور چوک جسٹربائی پر اختتام پذیر ہوئی ۔
ریلی کی قیادت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر عثمان سکندر نے کہا کہ ڈینگی سے گبھرانے کی نہیں بلکہ اسے بھگانے کی ضرورت ہے،کیونکہ غیر معمولی صورتحال ہمیشہ غیرمعمولی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے، لہذا ڈینگی کی موجودہ صورتحال بھی تمام انتظامی افسران اور متعلقہ محکموں سے ٹھوس،نتیجہ خیز اور مربوط اقدامات کی متقاضی ہے۔انہوں نے کہاکہ انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں ہم سب کو قومی جذ بے اور ٹیم ورک کے ساتھ ٹارگٹس کےحصول کو یقینی بنانا ہو گا تاکہ ملکی سلامتی اور معاشی استحکام کے ساتھ روز مرہ معمو لات کی مکمل بحالی کی منزل بھی آسان ہو سکے۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری سجاد احمد نے اس موقع پر کہا کہ ڈینگی اس وقت آدھی دنیا میں پھیلا ہواہے،اس کی روک تھام اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ واک کا مقصد بھی لوگوں میں آگاہی پیداکرنا ہے تاکہ اس حوالےسے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے مکمل طورپر اس سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکے۔
ریلی میں ایم ایس ڈاکٹر لطیف افضل،ڈی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اقبال،تحصیل افیسر ضیاء الدین،انچارج ایف ایس سی ڈاکٹر ثانیہ،ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو ماری سٹوکس خضرحیات،طارق شاہین کے علاوہ کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔