رینالہ خورد۔11اکتوبر (اے پی پی):نبی کریم ۖ کی ذات اقدس اس کائنات کے لئے نور اور سراپا رحمت ہے ان کا اسوہ حسنہ ہدایت کا سر چشمہ اور فلاح کی ضمانت ہے جو لوگ حضور ۖ کی ذات اطہر سے جڑ گئے وہ فلاح پا گئے ہم غلامی رسول میں اپنی نجات سمجھتے ہیں دنیا اور آخرت میں تمام بھلائیاں آپ ۖ کی ذات اقدس کا فیض ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق،رائے حماد اسلم کھرل،ڈائر یکٹر کالجز ساہیوال مسرور فریدی،ڈپٹی ڈائر یکٹر کالجز رائے ممتاز علی نے عشرہ شان رحمتہ اللعالمینۖ کی نسبت سے پوسٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ میں تقریری مقابلہ جات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر گورنمنٹ کالج اوکاڑہ سمیت دیگر کالجوں کے طالبعلموں نے نبی کریم ۖ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلو و ں سے متعلق مضامین پیش کیں۔ تقریری مقابلوں میں پہلی پوزیشن محمد کامران اشرف اور دوسری پوزیشن محمد عدنان گورنمنٹ کالج اوکاڑہ جبکہ تیسری پوزیشن محمد ظہیر نوراسپائیر کالج کے طالبعلم نے حاصل کی ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز،سلیم صادق نے پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں میں انعامات تقسیم کئے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ طالبعلم زندگی میں کامیابی کے لئے حضور اکرم ۖ کی حیات طیبہ کو مدنظر رکھیں اور حضور اکریم ۖ کے بتائے گئے اصول کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالیں سنت رسول ۖکی پیر وی میں ہی کامیابی اور فلاح ہے۔