وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس،15نئی یونیورسٹیوں کے قیام پر پیشرفت سمیت محکمہ ہا ئرایجوکیشن سے متعلق امور کاجائزہ

14

لاہور، 03اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی  زیر صدارت   اعلیٰ سطح  اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 15نئی یونیورسٹیوں کے قیام پر پیشرفت اور محکمہ ہا ئرایجوکیشن سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا ۔ اس کے علاوہ   اجلاس  میں  پنجاب میں نئی یونیورسٹیوں کے قیام پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور جوائنٹ ونچر موڑ اور  صوبے میں سمارٹ یونیورسٹی کا کانسپٹ متعار ف کرانے کے فیصلہ پر بھی غور کیا گیا ۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں ہائرایجوکیشن کے197ترقیاتی منصوبے 15ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے، 88نئے کالجز کے قیام کے لئے21کالجز کی اراضی کے انتقال کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار  نے  کالج پرنسپل کی  خالی آسامیاں جلد ازجلد پرکرنے کے لئے کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر اورسیکرٹریز کامیرٹ پر تقرر یقینی بنایا جائے، ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام سے طلبہ بالخصوص طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر ہوں گے، راجن پورمیں انڈس یونیورسٹی بننے سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف مظفر گڑھ،لیہ،بھکر،حافظ آباداوربہاولنگرکا قیام بھی عمل میں لایاجائے گا، شیخوپورہ، قصور،اٹک، گوجرانوالہ اوردیگر اضلاع میں بھی یونیورسٹیاں بنائیں گے،ڈیرہ غازی خان میں یونیورسٹی آف تونسہ اور ویمن یونیورسٹی بننے سے محرومیوں کاا زالہ ہوگا۔