اسلام آباد،4اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےڈنمارک میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے پیر کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تعلقات کے استحکام اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈنمارک کے وزیرخارجہ ژپے کوفو کا حالیہ دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کا مظہر ہے،پاکستان، ڈنمارک کے ساتھ اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے، تجارت، سرمایہ سمیت باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کا متمنی ہے۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دو طرفہ کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے پاکستان کے سفیر ایمبیسڈر احمد فاروق کی خدمات کو سراہا۔سفیر احمد فاروق نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔