کابل،21اکتوبر(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن آخوند سے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے۔دوران ملاقات دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور ،تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے اور افغان عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر اعظم ملا حسن آخوند نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی وفد کو کابل آمد پر خوش آمدید کہا۔
دوران ملاقات گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور انسانی بنیادوں پر افغان بھائیوں کی مدد کیلئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا متمنی ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان شہریوں بالخصوص تاجروں کیلئے ویزہ سہولیات، نئے بارڈر پوائنٹس کا اجراء اور نقل و حرکت میں سہولت کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
افغان حکومت کے عبوری وزیراعظم ملا حسن آخوند نے انسانی امداد کی بروقت فراہمی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ، افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان، اعلیٰ عسکری قیادت و پاکستانی وفد کے دیگر اراکین بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔