مکہ مکرمہ، 7 اکتوبر (اے پی پی ): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عوام کے دل ہمیشہ ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاک افواج ملکی سلامتی کی ضامن ہے ،22کروڑ عوام انکے ساتھ کھڑے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے جمعرات کو سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پردورہ سعودی عرب کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، جہاں انہوں نے پاکستان کی ترقی خوشحالی اور امن استحکام کے لیے خصوصی دعا کی ۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نےاورسیز پاکستانیوں سے بھی ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کوئی بھی پاک سعودی تعلقات کی گہرائی کو ناپ نہیں سکتا، قومی اداروں کو کمزورکر نے کی سازشیں کرنیوالے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین افواج موجود ہے جو ملکی دشمنوں کے عزائم ناکام بنا رہی ہے۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت آئین وقانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے جبکہ اداروں کو بھی مضبوط بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کا دفاع کر نیوالی پاک افواج پر پاکستان کا بچہ بچہ فخر کر تا ہے ،تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو ذاتی نہیں اور ملکی مفادات کو تر جیح دینی چاہیے جبکہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملکی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات چٹان سے زیادہ مضبوط ہیں پاکستان میں سر مایہ کاری کر نیوالوں کے جان ومال کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ ملکی ترقی میں سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں بسنے والے اورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے ۔