اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ گزشتہ رات حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا ہے اس ضمن میں اوگرا نے سفارش کی تھی کہ پٹرول 8 روپے اور ڈیزل سوا تین روپے فی لٹر بڑھایا جائے مگر وزیراعظم کی ہدایت پر پٹرول صرف 4 روپے فی لٹر اور ڈیزل صرف دو روپے لیٹر بڑھایا گیا ہے جس کی وجہ سے حکومت کو دو ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ جنوری، فروری میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 42 ڈالر فی بیرل تھی جبکہ اس وقت 80 ڈالر فی بیرل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 17 ویں نمبر پر ہیں اور اس خطہ میں ہم اب بھی سب سے کم قیمت پر پٹرولیم مصنوعات فراہم کر رہے ہیں۔