پاکستان کی تاریخ میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ماحول کو صاف رکھنے پر توجہ دی ہے: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار

24

لاہور،10 اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان پی ٹی آئی کا فلیگ شپ پروگرام ہے،پاکستان کی تاریخ میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ماحول کو صاف رکھنے پر توجہ دی ہے،اربن فارسٹ سٹیشن کے لئے میاواکی جنگل لگائے جارہے ہیں، ہماری حکومت نے شہروں کے ساتھ دور دراز کے علاقوں میں درخت لگائے ہیں، آلودگی سے پاک فضا میں سانس لینا ہر شہری کا حق ہے۔

ان خیالات  کا  اظہار انہوں نے   اتوار کو  یہاں وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل  سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام،سیاسی امور اور جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کر کے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کو منظور کر کے عوام سے کیا وعدہ پورا کیاہے،اس تاریخی اقدام سے جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے، ماضی میں جنوبی پنجاب کے بجٹ پر کٹ لگا کر فنڈز کو دوسرے منصوبوں پر خرچ کیا گیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے علیحدہ بجٹ مختص کیا ہےرواں مالی سال میں جنوبی پنجاب کیلئے 189ارب روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں ۔جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کی رنگ فینسنگ کی گئی ہےپہلی بار جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے علیحدہ بک مرتب کی گئی ہےاورملتان کے بعد بہاولپور میں بھی جلد جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا ۔

وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل  نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شوبازی کی نہ نعرے لگائے بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی ہے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا تاریخ ساز کارنامہ ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے شکر گزار ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب میں ترقی کے ثمرات پہنچے ہیں۔