پاکستان کے ساتھ وفاداری کا عہد کرنے والوں کو قومی دھارے میں لائیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا پنڈ دادنخان میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

5

پنڈ دادنخان ۔2اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے  ہفتہ کو پنڈ دادنخان میں  10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ ہے کہ پاکستان کے ساتھ وفاداری کا عہد کرنے والوں کو قومی دھارے میں لائیں گے۔ انہوں نے  کہا کہ وہ پاکستانی گروپ جو بہک گئے تھے اور حالات کی ریشہ دوانیوں کی نظر ہو گئے تھے، ہمیں ان کو موقع فراہم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بہت کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جس طریقے سے وہاں سے ہندوستان کا صفایا ہوا ہے، اس کے بعد ضروری ہے کہ ان لوگوں کو واپس لائیں جو امن کی طرف آنا چاہتے ہیں تاکہ ملک میں امن و امان کی جڑیں مضبوط ہو سکیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر پاکستان میں امن قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جو ایجنڈا پیش کیا ہے اس پر عمل کرتے ہوئے ہم ان گروپوں کو قومی دھارے میں واپس لانے میں مدد کریں گے جو پاکستان کے آئین اور قانون کو تسلیم کریں گے اور پاکستان کے ساتھ وفاداری کا عہد نبھائیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان نے آگ اور خون کا دریا عبور کیا ہے، ہم نے ہزاروں شہادتیں دی ہیں، ہمیں اپنی لڑائی کو اگلی نسل تک نہیں لے کر جانا، اس کا خاتمہ کرنا ہے تاکہ ہماری توجہ معیشت کی استحکام کی طرف رہے ۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان جنم لے چکا ہے۔۔