پاک بھارت ٹاکرے پر وہاڑی کی ڈیف  کرکٹ ٹیم، پاکستان کی جیت کیلئے پرعزم

18

 

وہاڑی،24ستمبر(اے پی پی): پوری دنیا کی نظریں جہاں آج پاک بھارت ٹی ٹونٹی میچ پر جمی ہوئی ہیں وہیں پر قوت سماعت و گویائی سے محروم ضلع وہاڑی کی ڈیف کرکٹ کے کھلاڑی بھی پاکستان کی جیت کے لیے پرعزم ہیں، اپنے مخصوص انداز سے بھارت کو للکارتے ہوئے ان کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کو ہر میدان میں ناکوں چنے چبوائے، چاہے وہ کرکٹ کا میدان ہو یا جنگ کا میدان پاکستان کے کرکٹ کھلاڑیوں نے بلے اور فوجی جوانوں نے بندوق سے بھارتی سورماوں کو شکست دی ہے، آج ورلڈ کپ کے ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان ہی جیتے گا اور جیت کے بعد پاکستانی کپتان، بھارتی کپتان کو چائے بھی لازمی پلائے گا، ہماری دعا اور نیک خواہشات پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارے لیے ورلڈ کپ کا یہ میچ فائنل میچ سے بھی بڑا ایونٹ ہے۔

  جیت کے لیے پر عزم نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان کی جیت کے لیے دعا مانگی،  جیتنے کی خوشی میں ایڈوانس بھنگڑے بھی ڈالے اور مخصوص انداز میں پاکستان ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا۔