کشمیری عوام 74 سال سے بھارتی حکومت و فوج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کررہے ہیں،  ہر فورم پر  ان کی حمایت جاری رکھیں گے؛ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

18

اسلام آباد،27اکتوبر  (اے پی پی):وزیر مملکت  برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ  بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام 74 سال سے بھارتی سرکار اور غاصب افواج کی طرف سے روا رکھی گئی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مسلسل سامنا کرتے آرہے ہیں، پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان ہر فورم پر نہتے کشمیری عوام کی پرامن حمایت جاری رکھے گا۔

 یوم سیاہ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیر مملکت نے کہا کہ 27 اکتوبر وہ سیاہ دن ہے جب 1947 میں بھارتی قابض افواج کشمیر کے اندر داخل کر دی گئیں اور ہم ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 74 سال سے بھارت کی طرف سے  مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا یہ سلسلہ جاری ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ بھارت اور مودی سرکار جس پر ہندوتوا اور آرایس ایس کی سوچ غالب آئی ہوئی ہے  نہتے معصوم کشمیری عوام پر مظالم ڈھارہے ہیں اور خاص طور پر بھارت کی طرف سے 5 اگست 2019 کے اقدامات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا جب بھارتی  حکومت نے آرٹیکل 370 کو ختم کرکے کشمیر کی مسلمہ متنازعہ حیثیت کو ختم کر دیا۔

 وزیر مملکت  برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے سچے وکیل اور دلیر سفیر ہونے کا ثبوت دیا اور کشمیریوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو پوری دنیا میں اجاگر کیا، دنیا کے ہر فورم نے اس  مسئلے پر بات کی اور پہلی مرتبہ مغربی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم اور مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

 وزیر مملکت نے کہا کہ ہم مقبوضہ  جموں و کشمیر کے بے گناہ شہریوں کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھیں گے، پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ہم دنیا کے ہر فورم پر آواز اٹھائے رہیں گے اور ہمارا یہ دوٹوک ،واضح اور بھرپور مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی خودارادیت کا حق دیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان کشمیری عوام کی پرامن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔