کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ سے دو دکاندار سمیت ایک خریدار گرفتار ، ایک دکان سیل، دو پر جرمانے عائد

16

کراچی۔2اکتوبر  (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر صدر نے کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ سے دودکانداروں سمیت ایک خریدار کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک دکان کو سیل کرنے کا بھی حکم دیا اوردو دکانوں کے مالکان پر جرمانے عائد کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر حسن طارق نے ہفتہ کو شہر کراچی کی اہم مارکیٹ” زینب مارکیٹ” کے دورے کے موقع پر دکانداروں ، پتھاریدار اور خریداروں کے نہ صرف ویکسینیشن کارڈ چیک کئے بلکہ انہیں ماسک لگانے اور ایک دسرے سے فاصلہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے اس موقع پر مدینہ سٹی مال،وکٹوریہ شاپنگ سینٹر اورانٹرنیشنل شاپنگ سینٹر میں بھی ویکسینیشن کارڈ چیک کئے اور دو غیر ویکسین شدہ دودکانداروں پر جرمانہ عائد کیا جبکہ ایک دکاندار کو موبائل ویکسینیشن سینٹر سے فوری طور پر ویکسینیشن کی دوسری ڈوز بھی لگوائی، ایک دکان کو سیل کرنے کا حکم دیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پرایک خریدار سمیت دو دکانداروں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرفتار افراد کو تھانہ میں ویکسین لگوانے کے لئے تحریری یقین دہانی لے کر چھوڑ دیا جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد دکانداروں اور خریداروں کو پریشان کرنا نہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ کرونا ایس او پیز پر علمدرآمد یقینی بنایا جائے ، شہری ویکسین لگوائیں تاکہ کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔ اسسٹینٹ کمشنر صدر نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے آئندہ بھی اس قسم کے دورے جاری رکھے جائیں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صدر مارکیٹ الائنس ایسوسی ایشن کے سینیئر نائب صدر عبدالصمد بھی موجود تھے۔