ہزارہ یونیورسٹی کے شعبہ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر شاکر اللہ کی صوبہ خیبر پختونخوا کے آثار قدیمہ پر شائع دو کتابوں کی تقریب رونمائی

35

مانسہرہ،23اکتوبر(اے پی پی): ہزارہ یونیورسٹی کے شعبہ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر شاکر اللہ کی صوبہ خیبر پختونخوا کے آثار قدیمہ پر شائع دو کتابوں کی تقریب رونمائی ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی سیکریٹری اعلیٰ تعلیم صوبہ خیبر پختونخوا داؤد خان تھے۔

تقریب سے خطاب میں سیکریٹری داؤد خان  نے کہا کہ ڈاکٹر شاکر اللہ کی آثار قدیمہ پر دونوں کتابیں اس شعبہ سے منسلک طلباء اور محققین کیلئے ایک تحفہ ہے کیونکہ ان کتابوں میں ہزارہ سمیت دیگر اضلاع کی قدیم ثقافت اور معاشرت  کو محفوظ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہنے کیلئے کتاب ایک بہترین تحریر ہے، شعبہ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے طلباء  کیلئے دونوں کتابیں ایک بہترین شکل میں بہت معاونت فراہم کریں گی اور ان میں دی گئی معلومات ملکی اور غیر ملکی سطح پر مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بھی پیش خیمہ ثابت ہونگی۔

  تقریب سے وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر جمیل نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن ماضی کی مختلف تہذیبوں کی آماجگاہ رہا ہے اور ڈاکٹر شاکر اللہ نے اپنی کتابوں میں  ہزارہ کے دو سو سے زائد سائیڈز کی نشاندھی کی جو ملکی اور بیرونی سطح پر بڑی کامیابی ہے اور وزیراعظم کے ویژن کے مطابق مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے غیر ملکی سیاحوں کو  یقیناً اپنی طرف متوجہ کریں گی جس سے ملکی سطح پر فائدہ ہو گا۔