ہماری فوج اور سکیورٹی ایجنسیز تجربہ کار اور منظم، ہماری فوج دہشت گردوں سے نمٹ لے گی ، وزیراعظم عمران خان کا ترک ٹی وی کو انٹرویو

20

اسلام آباد۔2اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان  نے ہفتہ کو ترک ٹی وی ٹی آر ٹی  کو دیئے گئے  انٹرویو کے دوران کہا کہ ہماری فوج اور سکیورٹی ایجنسیز تجربہ کار اور منظم، ہماری فوج دہشت گردوں سے نمٹ لے گی۔  انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو نشانہ بنایا اور بلوچستان میں بھی کئی حملے کیے ہیں۔ گذشتہ 40  دنوں سے ان حملوں میں اضافہ ہوا ہے مگر صورتحال  پہلے جیسی نہیں کیونکہ ہماری سکیورٹی فورسز بہت منظم اور تجربہ کار ہیں اور15 سال میں پاکستان نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں شاید کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تجربہ حاصل کیا ہے اور دنیا جانتی ہے کہ ہماری انٹیلی ایجنسی دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسی ہے، ہم پراعتماد ہیں کہ  ہم ٹی ٹی پی سے نمٹ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ  2 لاکھ 50 ہزار افراد افغانستان سے پاکستان آئے ہیں اور ہمیں خدشہ ہے کہ ان میں ٹی ٹی پی کے لوگ بھی ہو سکتے ہیں جو افغانستان میں قید تھے اور داعش کے لوگ بھی موجود ہو سکتے ہیں۔ طالبان کی طرف سے اچانک افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اور بڑے پیمانے پر پاکستان آنے جانے والے لوگوں کی وجہ سے مسئلہ سامنے آیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ ہم ان سے نمٹ لیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں مسلمان حکومت ہے، طالبان کس کے خلاف نبرد آزما ہیں، انہوں نے افغانستاں میں جہاد کا اعلان کیا کیونکہ کہ ان کا کہنا تھا کہ وہاں غیر ملکیوں اور ان کے شراکت داروں کا تسلط قائم ہے۔