اسلام آباد،10اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو یہاں عشرہ رحمت اللعالمین ﷺکی مرکزی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ہمیں نبی کریم ﷺ کی زندگی کی پیروی کرنی ہے ، ہمارے نوجوانوں کے لئے رول ماڈل نبیﷺ ۖ ہونا چاہئیں ، کوئی بھی معاشرہ اخلاقیات کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا ۔نبی آخرالزمانۖ ﷺنے سب سے زیادہ زور تعلیم پر دیا ، خواتین اور مرد دونوں کی تعلیم پر زور دیا ، 5سو سال تک دنیا میں بڑے سائنسدان مسلمان تھے ، ان کے پاس دنیاوی اور دینی دونوں علوم تھے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں اپنے بچوں کو یہ پڑھانا ہے کہ ان کے رول ماڈل کون ہونے چاہئیں،زندگی گزارنے کے دو بڑے راستے ہیں ایک ناجائز دولت جمع کرنا اور دوسرا نبی ۖ ﷺکی سیرت اپنانا ، اسلام انسانیت کو اگٹھا کرنے کا دین ہے ۔