مری؛ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں معذوری سرٹیفکیٹ کے اجراء کیلئے بورڈ کا اجلاس، اکیس  افراد کو معذوری سرٹیفکیٹ دیاگیا

6

 مری ،  25 نومبر  (اے پی پی ): تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری میں معذوری سرٹیفکیٹ کے اجراء کیلئے بورڈ کا اجلاس ہو ا ، جس  میں  بائیس مریضوں کا معائنہ کیا گیا جسمیں سے  اکیس  کو معذوری سرٹیفکیٹ کے لیے اہل جبکہ ایک کو معذوری سرٹیفکیٹ کے لیے نا اہل قرار دیا گیا۔

تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری میں معذوری سرٹیفکیٹ کے اجراء کیلئے بورڈ کا  اس مہینے میں دوسرا اجلاس چیئرمین بورڈ ڈاکٹر عبدالسلام عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا جسمیں سوشل ویلفیئر آفیسر غالب عباسی ماہر ہڈی و جوڑ ڈاکٹر شہر یار ،ماہر امراض بچگان ڈاکٹر عبدالوحید اور سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر وقاص راجہ نے شرکت کی۔آج کے اجلاس میں بائیس میں سے اکیس مریضوں کو معذوری سرٹیفکیٹ کے لیے اہل جبکہ ایک کو نا اہل قرار دیا گیا۔

میڈیکل سپرنٹینڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری ڈاکٹر عبدالسلام عباسی کے مطابق مریضوں کی اکثریت بچوں پر مشتمل تھی اور انکا تعلق تحصیل مری کی مختلف یونین کونسلوں سے تھا۔ڈاکٹر عبدالسلام عباسی نے مزید بتایا کہ آ ج تک کے چار اجلاسوں میں اسی (80) مریضوں کو معذوری سرٹیفکیٹ کے لیے منتخب کیا جا چکا ہے۔

معزور افراد کے اہل خانہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری میں معذوری بورڈ کے قیام پر حکومت پنجاب اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر عبدالسلام عباسی کے مطابق  معذوری سرٹیفکیٹ کے اجراء کیلئے بورڈ کا آئندہ اجلاس دسمبر کی نو تاریخ کو ہو گا جس کے لئے فارم  سوشل ویلفیئر آفیسر مری کے کمرہ نمبر آٹھ سے  دفتری اوقات میں حاصل کئے جا سکتے ہیں۔