پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 1 اے کا کامیاب تجربہ

10

راولپنڈی،25نومبر  (اے پی پی):پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 1 اے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔  بیلسٹک میزائل شاہین 1 اے کی آزمائشی پرواز کا مقصد ہتھیاروں کے نظام کے مخصوص ڈیزائن اور تکنیکی پیرامیٹرز کی ازسرنو تصدیق کرنا تھا۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بیلسٹک میزائل شاہین 1 اے کے فلائٹ ٹیسٹ کو لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن ڈاکٹر رضا ثمر، چیئرمین نیسکام لیفٹیننٹ جنرل محمد علی، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ اور اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے دیکھا۔

 ڈائریکٹر جنرل سٹریٹیجک پلانز ڈویژن نے فلائٹ ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔  انہوں نے سائنس دانوں اور انجینئروں کی بہترین تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔ صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔