آئی ایم ایف نے کوروناحالات میں پاکستان کی درست معاشی پالیسیوں کو سراہا،وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین

12

اسلام آباد۔22نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ  پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان چھٹے جائزے کے تحت سٹاف سطح کے معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، معاہدہ کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر سے زائد کی معاونت ملے گی، کثیر الجہتی اور دوطرفہ شراکت داروں سے وسائل اور اعانت کیلئے راہیں بھی ہموار ہوں گی، ہماری پوری کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ پیر کو یہاں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان چھٹے جائزے کے تحت سٹاف سطح کے معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، اس معاہدہ کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر سے زائد کی معاونت ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی اور دوطرفہ شراکت داروں سے وسائل اور اعانت کیلئے راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ پاکستان اصلاحات اور دیگر شعبوں کے حوالہ سے اقدامات پر کامیابی سے عمل کر رہا ہے، آئی ایم ایف نے بجلی کے نرخوں میں ایڈجسٹمنٹ، مالیاتی نظم و ضبط اور دیگر اقدامات کے باعث پاکستان میں معاشی استحکام اور معاشی تیزی کی تائید کی ہے، پاکستان ٹیکس کے شعبہ میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گا، بجلی کے شعبہ کے بارے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے مزید بہتری کیلئے اقدامات کا کہا ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ بیرونی کھاتوں پر دبائو ہے اور اس میں سٹیٹ بینک کو مزید اقدامات کرنا ہیں، اسی طرح آئی ایم ایف نے اس بات کی بھی تائید کی ہے کہ عالمی سطح پر سپلائی چین میں رکاوٹوں کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے۔