احساس پروگرام کے تحت سروے میں لوگوں کی آمدن نہیں پوچھتے خاندان کے معاشی حالات دیکھتے ہیں؛ ڈاکٹر ثانیہ نشتر

39

لاہور، 25 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت  نے 120ارب روپے سے احساس راشن پروگرام شروع کیا ہے جس سے 2کروڑ خاندان مستفید ہونگے، احساس پروگرام کے تحت سروے میں لوگوں کی آمدن نہیں پوچھتے خاندان کے معاشی حالات دیکھتے ہیں۔

وہ جمعرات کے روز 90شاہراہ ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں 3اشیائے خورد و نوش دالیں،تیل گھی اور آٹے پر  30فیصد 1000 روپے کی سبسڈی دی جائے گی،یہ وفاق، کے پی کے، پنجاب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا پارٹنرشپ پروگرام ہے، مستحق  افراد اور کریانہ سٹور مالکان کی الگ الگ رجسٹریشن کر رہے ہیں،پروگرام لانچ ہو چکا ہے اب اس کی رجسٹریشن چل رہی ہے جبکہ 15 دسمبر سے لوگ اس سے مستفید ہونا شروع ہو جائیں گے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر  نے کہا  کہ   ہم ٹیکنکلی سروے کرتے ہیں تاکہ اس کے گھر کا جائزہ لیا جا سکے، اس کی حد اکتیس ہزار تک آمدن والے افراد نہیں بلکہ پچاس ہزار تک والے بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔ہم نے جب یہ پروگرام شروع کیا تو سب صوبوں سے بات کی تھی، بلوچستان اور سندھ نے ابھی تک اس میں شمولیت کی حامی نہیں بھری،جن صوبوں  نے سبسڈی نہیں دی وہاں وفاق کا پینتیس فیصد ہر صوبے میں پہنچے گا۔یہ پروگرام وزیر اعظم  کی خاص ہدیت پر شروع کیا جا رہا ہے جس میں حکومتی رعایت مستحقین تک پہنچے گی۔جس طرح کرونا میں کیش تقسیم کیا تھا اسی تناظر میں اور انہی اصولوں پر یہ پروگرام تشکیل دیا ہے۔ہم نے اسلام آباد میں ون ونڈو سینٹر بنایا ہے جہاں تمام سہولیات ایک ہی جگہ پر میسر ہوتی ہیں،جو جعلی میسجز موصول ہوتے ہیں اس کو کاونٹر کرنے کے لیے ہم اپنا سسٹم مزید سخت بنا رہے ہیں تاکہ ایسے افراد کی ضمانتیں نہ ہوں۔