انتخابی نظام میں بہتری ای وی ایم کے ذریعے ممکن، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے ، چوہدری فواد حسین

17

اسلام آباد۔23نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری نظر میں یہ نظام ای وی ایم سے ہی بہتر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینا ہمارا انتخابی وعدہ ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اس کے خلاف ہوں گی لیکن یہ ہمارے انتخابی منشور کا حصہ ہے، باقی چیزوں پر ہم بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ناصر الملک کمیشن کی سفارشات کا جائزہ لیا جائے تو جو چیزیں دھاندلی کا باعث بنیں، ان کا خاتمہ ای وی ایم سے ممکن ہے۔ اپوزیشن سے پھر کہتے ہیں کہ وہ عدالتوں میں دھکے کھانے اور بار بار کی شکست کی بجائے ہمارے ساتھ ان معاملات پر بیٹھے اور بات کرے۔